نئی دہلی،9جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی)کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم نے کہا ہے کہ 2014 کے عام انتخابات کے بعدمحترمہ سشما سوراج وزیر اعظم کے عہدے کی حقیقی دعویدار تھیں۔
مسٹر چدمبرم نے ایک اخبار میں لکھے اپنے مضمون میں کہا کہ محترمہ سوراج 2009 سے 2014 تک اپوزیشن کی لیڈر رہی ہیں اور اگلے عام انتخابات میں اگر اپوزیشن پارٹی انتخاب جیت جاتی ہے تو جمہوری روایات کے مطابق اپوزیشن کا لیڈر ہی قدرتی طور پر وزیر اعظم بنتا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی پر نشانہ لگاتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ 2014 کے عام انتخابات بھارتیہ جنتا پارٹی نے جیتا تھا لیکن اس سے پہلے ہی ’باہرکا شخص ‘ اپنے بے شمار سیاسی پینتر ے بازی کی وجہ سے بی جے پی کا رہنما بن چکا تھا اور اس نے محترمہ سوراج کے وزیر اعظم کے عہدے تک کے راستے میں رکاوٹ کھڑا کردیا تھا۔ بعد میں وہی شخص وزیر اعظم بن گیا۔
انہوں نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر محترمہ سوراج کے خلاف کئے گئے بیہودہ تبصرے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ کسی بھی بی جے پی لیڈر نے ان تبصروں کے خلاف ایک لفظ نہیں بولا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ یہ واضح ہو گیا ہے کہ محترمہ سوراج کے خلاف بھی وہی طاقتیں کام کر رہی تھیں جوحزب اختلاف کے رہنماؤں کے خلاف مسلسل بدتمیزی کا مظاہرہ کر رہی تھیں ۔